پاکستانی قوم اور ملک کے لیے راجہ مارشل آرٹس، بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کے کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ ازبکستان کے شہر ناووئی میں منعقدہ انٹرنیشنل کامن ویلتھ کراٹے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے پہلی بار 3 گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔ اس تاریخی فتح کے اعزاز میں راجہ مارشل آرٹس کلب میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس سے صدر کیوکشن پاکستان، شیہان راجہ خالد محمود جنجوعہ نے ورچوئل خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں شیہان راجہ خالد محمود جنجوعہ نے کہا کہ سال 2025 ملک و قوم کے لیے کامیابیوں کا سال ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ سال بھی اسی محنت کو جاری رکھیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ‘مارشل آرٹس کوئین’ مس لائبہ رب نواز جنجوعہ اور عشا ارم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان خواتین کھلاڑیوں نے گولڈ میڈل جیت کر ملک کی دیگر خواتین کے لیے ایک مثال قائم کر دی ہے، کیونکہ خواتین کے لیے سیلف ڈیفنس (خود حفاظتی) انتہائی ضروری ہے۔
ٹورنامنٹ میں لائبہ رب نواز جنجوعہ نے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل، عشا ارم اور عبداللہ نے گولڈ میڈلز جبکہ سینسی حسن علی نے دو چاندی کے تمغے جیتے۔ لائبہ اور عشا پاکستان کی تاریخ کی دوسری خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر سونے کے تمغے جیتے ہیں۔ تقریب کے شرکاء، جن میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ندیم احمد اور دیگر معززین شامل تھے، نے حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کا مثبت چہرہ روشن کرنے والے ان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ کھلاڑیوں نے اپنی کامیابی کو اللہ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور شیہان راجہ خالد کی عالمی معیار کی کوچنگ کا نتیجہ قرار دیا۔