کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں چار افسران کو گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی ہے اور اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کی 5 دسمبر 2025ء کو ہونے والی سفارشات اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد ایگزیکٹو کیڈر کے ڈائریکٹرز کو ڈائریکٹر جنرل (بی ایس-20) کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں عبدالرزاق، سید صفدر علی، خضر حیات ستی اور نعیم اکبر ڈار شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ ترقی پانے والے یہ تمام افسران ایک سالہ پروبیشن کی مدت پر ہوں گے، جو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایمپلائز (سروس) ریگولیشنز 1992ء کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگی۔ حکام کے مطابق یہ ترقیاں فوری طور پر نافذ العمل کر دی گئی ہیں۔