**نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے پر سخت نوٹس جاری کیا**
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو سخت نوٹس جاری کرتے ہوئے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے کے اقدام پر وضاحت طلب کی ہے۔ اتھارٹی نے اس عمل کو نہ صرف تشویشناک بلکہ موجودہ قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مختلف ڈسکوز کی جانب سے نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن کو روکا گیا ہے، جو صارفین کے قانونی حقوق کے منافی ہے۔ نیپرا کا موقف ہے کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی کا بنیادی مقصد صارفین کو قابل تجدید توانائی کے فروغ میں شامل کرنا اور بجلی کے نظام پر بوجھ کم کرنا ہے، لیکن درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے سے یہ مقصد مجروح ہو رہا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن کی بڑی کارروائی، جعلی سفری دستاویزات والے 4 مسافر آف لوڈ
نیپرا نے معاملے کو انتہائی فوری قرار دیتے ہوئے تمام ڈسکوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین کاروباری دنوں کے اندر مکمل تفصیلات فراہم کریں۔ ان تفصیلات میں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ درخواستیں کیوں روکی گئیں، کتنی درخواستیں زیر التوا ہیں، اور اس فیصلے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
حالیہ مہینوں میں نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر سسٹمز کی تنصیب میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث صارفین اپنے بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی محسوس کر رہے ہیں۔ ایسے میں درخواستوں کی رجسٹریشن روکنے کے اقدام پر صارفین اور توانائی کے ماہرین دونوں کی طرف سے تحفظات سامنے آئے ہیں۔
نیپرا نے واضح کیا ہے کہ اگر ڈسکوز کی طرف سے تسلی بخش جواب نہ دیا گیا تو ان کے خلاف ضابطہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق نیپرا کا یہ اقدام نیٹ میٹرنگ کے نظام کو شفاف بنانے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔