**پاکستانی اداکارہ اور ہدایت کارہ انجلین ملک نے کینسر پر فتح حاصل کرلی**
پاکستانی اداکارہ اور ہدایت کارہ انجلین ملک نے اپنی صحت کے حوالے سے خوشخبری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کینسر کو شکست دے چکی ہیں۔ تشخیص کے بعد سے اپنے سفر کو مداحوں کے ساتھ بانٹنے والی انجلین نے اب اعلان کیا ہے کہ وہ طبی طور پر کینسر سے پاک ہو چکی ہیں۔
اس خوشی کے اعلان کے لیے انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ "کینسر سے پاک اسکین ایک فتح ہے، لیکن سفر اب بھی جاری ہے۔” انہوں نے وضاحت کی کہ طبی اصطلاحات میں کینسر سے مکمل طور پر پاک قرار دیے جانے کے لیے 2 سے 5 سال تک مسلسل صاف اسکین درکار ہوتی ہیں، اور بعض اوقات یہ مدت 10 سال تک بھی ہو سکتی ہے۔
انجلین ملک نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "کینسر کے سفر میں کچھ دن امید لے کر آتے ہیں، تو کچھ دن خوف کے ساتھ۔ لیکن میں نے ہمیشہ ہمت سے ان سب کا سامنا کیا ہے۔ آج کے لیے شکر گزار ہوں، کل کے لیے تیار ہوں، اور کبھی ہمت نہ ہارنے کا عزم رکھتی ہوں۔”
ان کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور فنی حلقوں کی طرف سے مبارکبادوں اور نیک خواہشات کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ انجلین ملک کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے، بلکہ کینسر سے لڑنے والے تمام افراد کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہے۔