اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 25 دسمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ تعطیل بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر دی جا رہی ہے، جس کے تحت اسٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، مائیکروفنانس بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
ناسا نے لیموں کی شکل سے ملتا جلتا سیارہ دریافت کر لیا
نوٹیفکیشن کے مطابق 25 دسمبر بروز جمعرات کو اسٹیٹ بینک کے تمام دفاتر بند رہیں گے، جبکہ ملک بھر میں بینکوں کی برانچز میں بھی لین دین نہیں ہو سکے گا۔ اس کے علاوہ کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ سمیت دیگر بینکنگ سروسز بھی اس روز دستیاب نہیں ہوں گی۔ اسٹیٹ بینک نے عوام اور کاروباری طبقے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مالی ضروریات اور بینکنگ معاملات پیشگی نمٹا لیں تاکہ کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تعطیل کے دوران اے ٹی ایم مشینیں معمول کے مطابق فعال رہیں گی، تاہم تکنیکی یا آپریشنل وجوہات کی بنا پر بعض مقامات پر خدمات میں عارضی تعطل ہو سکتا ہے۔ آن لائن بینکنگ، موبائل ایپس اور ڈیجیٹل ادائیگی کے دیگر ذرائع بھی بینکوں کی پالیسی کے مطابق دستیاب رہیں گے۔ 25 دسمبر کو قائداعظمؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سرکاری و نجی اداروں میں تقریبات، سیمینارز اور تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا، اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔