پاکستان ریلوے نے لگژری سیلونز کے کرائے میں نمایاں کمی کرتے ہوئے عوام کے لیے ان سہولیات تک رسائی آسان بنا دی ہے۔
کراچی تا راولپنڈی لگژری سیلونز کا کرایہ پانچ لاکھ روپے سے کم کر کے ایک لاکھ بہتر ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ کراچی تا لاہور لگژری سیلونز کا کرایہ چار لاکھ بیس ہزار روپے سے کم ہو کر ایک لاکھ پچاس ہزار روپے ہو گیا ہے۔
انڈونیشیا میں 6.2 شدت کا زلزلہ ، سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی
اسی طرح لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ ایک لاکھ پانچ ہزار روپے سے گھٹا کر چوالیس ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق وزیر ریلوے کی ہدایت پر ریلوے سیلونز کے کرایوں میں واضح کمی کی گئی ہے اور بکنگ چیف کمرشل منیجر ہیڈ کوارٹرز اور ڈویژنل دفاتر سے کی جا سکے گی۔
دوسری جانب موسم سرما کے لیے پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل 15 اپریل 2026 تک رہے گا۔ نئے شیڈول میں نو ٹرینوں کے عارضی اسٹاپ ختم کر کے انہیں ریگولر اسٹاپ دے دیے گئے ہیں۔
پاکستان ریلوے کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے صبح ساڑھے سات بجے روانہ ہوگی، عوام ایکسپریس کراچی سے پشاور کے لیے آٹھ بجے روانہ ہوگی، نارووال پسنجر ٹرین سات بج کر پچیس منٹ پر روانہ ہوگی، اور شالیمار ایکسپریس سات بج کر دس منٹ پر روانہ ہوگی۔