محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے خشک سالی کے شکار علاقوں کے لیے خوشخبری سنائی ہے اور دسمبر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔
زیارت میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، 5 دہشتگرد گرفتار
بارش سے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت بڑے قحط زدہ اضلاع میں نمایاں بہتری آئے گی۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں اور عرب سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی جانب مسلسل رخ کر رہی ہے۔ انہی موسمی عوامل کی وجہ سے بارشوں کا یہ سلسلہ نہ صرف طویل ہوگا بلکہ زیر زمین پانی اور ڈیموں کے ذخائر میں بھی خوشگوار اضافہ کرے گا۔