سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آئندہ دنوں میں امریکا کا رسمی دورہ کریں گے جہاں وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہونا ہے، جن میں خطے کی سلامتی، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور غزہ بحران کے تناظر میں علاقائی تعلقات کی بحالی شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد میں نئی ٹیم کی تشکیل، 4 اہم عہدوں پر تقرریاں
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں رہنما ایف-35 لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر بات چیت کریں گے، جبکہ اقتصادی اور دفاعی معاہدوں پر بھی دستخط متوقع ہیں۔
ماہرین کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے اس دورے کا بنیادی مقصد امریکا کے ساتھ دفاعی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان ممکنہ تعلقات کی بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہوگی بلکہ پورے خطے کی سیاسی صورت حال پر بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔