پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی
پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی
مظفرآباد میں سیاسی صورت حال ایک بار پھر گرم ہوگئی ہے، جہاں پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔ پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا، جبکہ ذرائع کے مطابق اعلیٰ قیادت نے اراکین اسمبلی کو فوری طور پر مظفرآباد پہنچنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
پیپلزپارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کردیا
پیپلز پارٹی نے نئے وزیراعظم کے لیے اپنے سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ ان کا اعلان اسلام آباد میں راجا پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ تعداد سے کہیں زیادہ حمایت حاصل ہے۔
آئین کے مطابق تحریک جمع ہونے کے بعد تین سے سات روز کے اندر اسمبلی اجلاس بلا کر اس پر رائے شماری ضروری ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے تحریک کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن بھی اس تحریک میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی جبکہ تحریک عدم اعتماد ملک میں آئینی ترمیم کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔ تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں مگر پیپلز پارٹی دعویٰ کرتی ہے کہ اسے 40 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔