پاکستانی کرکٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی مقبولیت اور کامیابی بعض سابق کرکٹرز کو برداشت نہیں ہو رہی۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان نے اپنے کرکٹ کیریئر کے تجربات شیئر کیے اور بابر اعظم کے بارے میں کہا کہ وہ گزشتہ 10 برسوں میں پاکستان کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے دنیا میں بیٹنگ کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔ ان کے مطابق بابر اعظم سے پہلے پاکستان کی پہچان صرف فاسٹ بولنگ تھی، مگر بابر نے اپنی بیٹنگ سے اس تاثر کو بدل دیا۔
ایم کیو ایم نے 27 ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کیلئے اختیارات مانگ لیے
اعظم خان نے کہا کہ ویرات کوہلی کے آغاز کے وقت ان کے اردگرد سچن ٹنڈولکر، سہواگ، لکشمن اور دھونی جیسے بڑے نام موجود تھے، لیکن بابر اعظم کے پاس ایسا کوئی سپورٹ سسٹم نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دہائی میں صرف شاہد آفریدی ہی ایسے کھلاڑی تھے جن کے پاس اسٹارڈم تھا اور اب وہ مقام بابر اعظم کے پاس ہے، جب وہ میدان میں آتے ہیں تو شائقین پرجوش ہو جاتے ہیں، شاید یہی بات سابق کرکٹرز کو ہضم نہیں ہو رہی۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ اگر سابق کھلاڑیوں کے دور میں سوشل میڈیا ہوتا تو وہ بھی اسی طرح کے مشہور ستارے بن سکتے تھے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم کو اکثر سابق کھلاڑی ان کے اسٹرائیک ریٹ، کپتانی اور کھیل کے انداز پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔