اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار پر سوشل میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانے اور من گھڑت معلومات پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے صنم جاوید کی گرفتاری اور دیگر حکومتی اقدامات کے حوالے سے جھوٹی اور اشتعال انگیز خبریں شیئر کیں۔
تجارتی برادری کیلئے اچھی خبر ، جدید اے آئی چیٹ بوٹ “خضر” متعارف، کامیاب آغاز ،
تحقیقات کے مطابق شاندانہ گلزار نے وزیراعظم کی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مصافحے کی جعلی تصویر بھی پوسٹ کی تھی، جس کے بعد یہ ثابت ہوا کہ انہوں نے دانستہ طور پر فیک نیوز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ پھیلایا۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ملزمہ کے خلاف سیکشن 11، 20 اور 26-اے آف پی ای سی اے 2016 کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مزید شواہد کی بنیاد پر کیس کو آگے بڑھانے کے لیے قانونی اقدامات جاری ہیں۔