بی ایف بائیو سائنسز نے پاکستان میں ذیابیطس اور موٹاپے کے علاج کے لیے نئی دوا "زیپٹائیڈ” متعارف کرادی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کی معروف بائیوفارماسوٹیکل کمپنی بی ایف بائیو سائنسز نے ٹائپ 2 ذیابیطس اور موٹاپے کے علاج کے لیے جدید دوا Zeptide پیش کی ہے۔ یہ دوا پری فلڈ سرنج کی صورت میں دستیاب ہے، جو محفوظ اور استعمال میں آسان ہے۔
بی ایف بائیو سائنسز کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ زیپٹائیڈ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے منظور شدہ مصنوعی پولی پیپٹائیڈ ہے، جو GLP-1 اور GIP دونوں ریسپٹرز پر یکساں طور پر اثر انداز ہوتی ہے۔ یہ دوا خون میں شکر کی سطح کو متوازن رکھنے اور وزن میں کمی میں مدد فراہم کرتی ہے۔
مائیکروپلاسٹکس انسان کے پیٹ کے بیکٹیریا توازن بدل رہے ہیں: تحقیق
کمپنی کے مطابق زیپٹائیڈ یورپی ٹیکنالوجی پر مبنی جدید پلانٹ میں تیار کی گئی ہے، جو خوراک کی درستگی، محفوظ استعمال اور مریضوں کے لیے سہولت کو یقینی بناتی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ زیپٹائیڈ کی ساخت، معیار اور افادیت کی جانچ امریکہ کی ایک معروف بائیولوجیکل ماس اسپیکٹرومیٹری لیبارٹری اور پاکستان کی ایک یونیورسٹی میں مکمل کی گئی ہے، جس سے اس کی عالمی سطح پر تصدیق ہوتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ زیپٹائیڈ کی تیاری اس کے آئی پی او سے حاصل شدہ سرمائے کے مؤثر استعمال کے منصوبے کا حصہ ہے، جو پاکستان کے ہیلتھ کیئر نظام میں سرمایہ کاری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بی ایف بائیو سائنسز لمیٹڈ، جو پاکستان کا پہلا بائیو فارماسوٹیکل پلانٹ ہے، گزشتہ ایک دہائی سے ہیپاٹائٹس، کینسر، امراضِ قلب، ذیابیطس، نیفرالوجی اور دیگر اہم بیماریوں کے علاج کے لیے ادویات تیار کر رہی ہے۔