مریدکے میں مذہبی جماعت کا دھرنا ختم کر دیا گیا، جس کے دوران تصادم کے نتیجے میں ایک ایس ایچ او، مذہبی جماعت کے تین کارکنوں اور ایک راہگیر سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کی کارروائی کے دوران مذہبی جماعت کے کارکنوں نے پتھراؤ، پیٹرول بموں اور فائرنگ کا سہارا لیا۔ اس موقع پر ایک ایس ایچ او موقع پر شہید جبکہ 48 اہلکار زخمی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنے دفاع میں محدود کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مذہبی جماعت کے تین کارکن اور ایک راہگیر جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔
پاکستان کے تجارتی تعلقات نہ رکھنے والے ممالک کی تفصیلات سامنے آ گئیں
ہنگامہ آرائی کے دوران 40 سے زائد سرکاری اور نجی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا، اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے ٹریفک الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو، چونگی امرسدھو سے قصور روڈ، مانگا منڈی سے لاہور آنے اور جانے والے دونوں راستے، پی ایم جی چوک اور داروغوالہ سے سلامت پورہ تک کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
موٹر وے ایم 2 (لاہور تا اسلام آباد)، ایم 3 (لاہور تا عبدالحکیم) اور ایم 11 (لاہور تا سیالکوٹ) دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ادھر پنجاب یونیورسٹی نے آج ہونے والے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایل ایل بی کے امتحانات 14 اکتوبر سے معمول کے مطابق منعقد ہوں گے۔