راولپنڈی: پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ کے شہر ویلز میں 3 سے 13 اکتوبر 2025 تک جاری رہنے والی عالمی فوجی مشق کیمبرین پیٹرول 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
یہ مشق اپنی نوعیت کی سخت ترین بین الاقوامی فوجی مشقوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس سال اس کا 66 واں ایڈیشن منعقد ہوا، جو فوجی مہارت، برداشت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے سخت امتحان کے طور پر دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔
چائے ہڈیوں کی صحت کیلئے مفید ہوتی ہے یا نہیں؟
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس سال کی مشق میں دنیا کے مختلف حصوں سے 137 ٹیموں نے حصہ لیا، جنہوں نے 36 ممالک کی نمائندگی کی۔ تمام ٹیموں کو 48 گھنٹوں میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں سے 60 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے مخصوص فوجی اہداف مکمل کرنا تھے۔
پاکستان آرمی کی ٹیم، جس کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، نے شاندار پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، جس پر انہیں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کامیابی پاکستان آرمی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے اور آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرتی رہے گی۔