افغانستان کے حالیہ جارحانہ اقدامات کے خلاف پشاور کے تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
انجمن تاجران کے صدر شاہد خان اور مسلم لیگ (ن) کے سابق امیدوار میاں سعید بادشاہ کی قیادت میں اتوار کے روز شہر کے مرکزی بازار میں احتجاج کیا گیا، جس میں تاجروں، شہریوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “پاکستان زندہ باد”، “افغان مداخلت نامنظور” اور “قوم اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گی” جیسے نعرے درج تھے۔
شرکاء نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ افغان سرحدی خلاف ورزیوں اور پاکستان دشمن سرگرمیوں کے خلاف سخت سفارتی مؤقف اختیار کیا جائے۔
انجمن تاجران کے صدر شاہد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، اس لیے حکومت کو عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
میاں سعید بادشاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور کسی کو بھی اس کی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے قومی اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعا کی۔