لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے مذاکرات کرے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، کیونکہ طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں۔
سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے ٹیلیفونک گفتگو میں لیاقت بلوچ نے ٹی ایل پی کے مارچ سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تک ان کا پیغام پہنچایا جائے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت پنجاب ٹی ایل پی سے مذاکرات کے لیے رابطے میں ہے، اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ٹی ایل پی کی قیادت سے بات چیت کے لیے رابطہ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک لبیک کے احتجاجی مارچ کو سبوتاژ کرنے اور پرتشدد بنانے کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو مذاکرات کے ذریعے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کا بھارت سے بڑھتا ہوا تعلق افغان عوام کی خواہشات کے منافی ہے، جبکہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری ایک خوش آئند قدم ہے جس کا جماعت اسلامی خیر مقدم کرتی ہے۔