جنوبی افریقا کے نوجوان فاسٹ بولر کوینا مافاکا ہیمسٹرنگ انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگئے۔
کرکٹ جنوبی افریقا کے مطابق مافاکا نامیبیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ انہیں یہ انجری گزشتہ ہفتے نیولینڈز میں ویسٹرن پروونس کے خلاف چار روزہ ڈومیسٹک میچ کے دوران پیش آئی تھی۔
مافاکا نے پہلی اننگز میں صرف 5.5 اوورز کرائے تھے، تاہم ہیمسٹرنگ میں درد کے باعث انہیں کھیل جاری رکھنے سے روک دیا گیا۔ ابتدائی اسکینز میں اگرچہ سنگین مسئلہ ظاہر نہیں ہوا تھا، مگر بعد کے تفصیلی معائنے میں گریڈ 1 سے 2 درجے کی انجری کی تصدیق ہوئی۔
کرکٹ جنوبی افریقا کے مطابق مافاکا اب تقریباً چار ہفتے تک ری ہیبیلیٹیشن کے عمل سے گزریں گے۔ ان کی جگہ آٹنیل بارٹمین کو 11 اکتوبر کو نامیبیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ادھر لیزاڈ ولیمز، جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ تھے، انہیں اب پاکستان کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کا پاکستان کا دورہ 12 اکتوبر سے دو ٹیسٹ میچوں کے ساتھ شروع ہوگا، جس کے بعد 28 اکتوبر سے تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور 8 نومبر تک ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔