پاکستان میں مہنگائی کےاضافے کا خدشہ ہے، عالمی بینک

0

عالمی بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی 7.2 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب نے ملک کے مختلف شعبوں پر منفی اثر ڈالا ہے، خصوصاً انفرا اسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا ہے، جس کی فوری بحالی ناگزیر ہے۔ عالمی بینک نے کہا کہ سیلابی تباہی کے باعث عوامی خدمات متاثر ہونے اور بجٹ پر اضافی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

 

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں زرعی پیداوار کم از کم 10 فیصد تک گرنے کا امکان ہے، جب کہ چاول، گنا، کپاس، گندم اور مکئی کی فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔

 

عالمی بینک کے مطابق موجودہ مالی سال میں پاکستان کی شرح نمو 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو اگلے مالی سال میں 3.4 فیصد تک بحال ہوسکتی ہے۔ تاہم، سیلاب کے اثرات سے مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ برقرار رہے گا۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زرعی پیداوار میں بہتری، افراط زر میں کمی اور شرح سود میں نرمی سے ترقی کے امکانات بہتر ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح ٹیرف ریفارمز کے ذریعے برآمدات اور مجموعی اقتصادی نمو میں بھی اضافہ ممکن ہے۔

 

عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ رواں مالی سال میں افراط زر سنگل ڈیجٹ تک محدود رہنے کی توقع ہے، تاہم سیلابی نقصانات کے باعث 2027 تک مہنگائی میں اضافے کے خطرات برقرار رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.