کبریٰ خان نے شادی کی پہلی پیش کش مسترد کردی تھی، گوہر رشید

0

 

اداکار گوہر رشید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنی اہلیہ کبریٰ خان سے سب سے پہلے محبت ہوئی تھی اور شادی کی پیشکش بھی انہوں نے ہی کی تھی، تاہم اداکارہ نے ابتدائی طور پر انکار کر دیا تھا۔

ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گوہر رشید نے بتایا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں اور ان کی شخصیت میں 200 فیصد بہتری ہوئی ہے، جس کا سہرا ان کی اہلیہ کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شادی کے بعد کبریٰ خان کی زندگی میں بھی مثبت تبدیلیاں آئی ہوں گی۔

گوہر رشید کا کہنا تھا کہ والدین کو اپنے بیٹوں کو شادی کی اہمیت اور ازدواجی زندگی کی تربیت دینی چاہیے، جیسے وہ تعلیم، صحت اور دیگر معاملات کی تربیت دیتے ہیں۔ ان کے مطابق شادی پر بات کرنا کوئی معیوب بات نہیں بلکہ ضروری ہے کیونکہ شادی دنیا کا قدیم ترین اور فطری عمل ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ لوگ اسی وقت شادی کریں جب وہ اپنی دنیاوی خواہشات اور مقاصد مکمل کر لیں، ورنہ بعد میں ناکامی کا الزام شریکِ حیات پر ڈال دیا جاتا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے 40 سال کی عمر میں شادی کی کیونکہ ان کے خیال میں وہ اس عمر میں زیادہ سمجھدار اور ذمہ دار ہو چکے تھے۔ ان کے مطابق شادی کا تعلق عمر سے نہیں بلکہ ذہنی پختگی سے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گوہر رشید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کبریٰ خان کا انکار انہیں برا نہیں لگا کیونکہ وہ خوبصورت ہیں اور ان کا انکار انہیں “جچتا” تھا۔ تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری، دوسری بار پیشکش کی تو کبریٰ خان نے ہاں کر دی۔

یاد رہے کہ گوہر رشید اور کبریٰ خان نے کچھ عرصے کے تعلق کے بعد فروری 2025 میں سعودی عرب میں مقدس مقامات پر نکاح کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے ولیمے کی تقریب بھی منعقد کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.