پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ریڈ بال کرکٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے شان مسعود کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025–27 کے مکمل سائیکل کے لیے قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ نے ناقص کارکردگی کے باوجود کپتان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023–25 کے دوران پاکستان ٹیم کو 12 میں سے 9 ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد شان مسعود کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔ تاہم پی سی بی نے مستقبل کی حکمت عملی میں تسلسل برقرار رکھنے کو ترجیح دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان شان مسعود اور ہیڈ کوچ اظہر محمود کو ٹیم پر مکمل فری ہینڈ دے دیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی منصوبہ بندی کے مطابق اسکواڈ کو تیار کر سکیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ کپتان اور کوچ، سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں گے۔ موجودہ سلیکشن کمیٹی میں علیم ڈار، عاقب جاوید، اسد شفیق اور اظہر علی شامل ہیں۔
شان مسعود کی قیادت پر تنقید کے باوجود بورڈ کا اعتماد برقرار ہے، حالانکہ انہیں نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں "بی” سے "ڈی” کیٹیگری میں ڈیموٹ کر دیا گیا تھا۔
پاکستان کی ٹیم نیا ٹیسٹ سائیکل 12 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں شروع کرے گی۔