داریل اور سنگل کے مابین کشیدگی: مسائل کے پرامن حل کیلئے جرگہ یا خصوصی کمیشن کا اعلان — وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

0

گلگت (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے داریل کے عمائدین اور علمائے کرام کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ داریل اور سنگل کے درمیان حالیہ ناخوشگوار صورتحال کے باعث امن و امان کو شدید خطرات لاحق تھے۔ ان خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے دونوں فریقین کے درمیان مسائل کو خوش اسلوبی، امن اور بھائی چارگی کے ساتھ حل کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے معاون خصوصی مولانا سرور شاہ کی قیادت میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے صورتحال کو قابو میں رکھنے اور ماحول کو پرامن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے باہمی مشاورت اور رضامندی سے ایک جرگہ تشکیل دیا جائے گا، تاکہ دوستانہ ماحول میں تمام مسائل اور تحفظات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے اور داریل و سنگل کے مابین بھائی چارگی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ گلبر خان نے واضح کیا کہ اگر فریقین جرگے پر متفق نہ ہو سکے تو صوبائی حکومت غیر جانبدار خصوصی کمیشن قائم کرے گی، جو تمام حقائق کی روشنی میں دونوں علاقوں کے درمیان حد بندی کا تعین کرے گا۔

آخر میں وزیر اعلیٰ نے داریل اور سنگل کے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا دامن نہ چھوڑیں اور بھائی چارگی کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.