یوم آزادی پر برج خلیفہ بھی سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

0

دبئی: پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سبز ہلالی پرچم کی روشنیوں میں رنگ گئی، جس نے نہ صرف دبئی کے آسمان کو روشن کیا بلکہ دنیا بھر کے پاکستانیوں کے دلوں کو بھی گرمادیا۔

متحدہ عرب امارات میں یومِ آزادی کا جشن انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ دبئی میں واقع شاندار برج خلیفہ پر سبز ہلالی پرچم کے دلکش مناظر دیکھ کر پاکستانی کمیونٹی جذباتی ہو گئی۔ قومی ترانے کی دھن کے ساتھ جب پرچم کا عکس برج خلیفہ پر لہراتا رہا تو وہاں موجود پاکستانیوں نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

برج خلیفہ کے اطراف پاکستانیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، جو سبز و سفید پرچم میں لپٹے اپنے وطن کے ساتھ وابستگی کا عزم دہراتے رہے۔ اس موقع پر فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔

دوسری جانب برطانیہ کے شہر برمنگھم میں واقع لائبریری کو بھی سبز اور سفید روشنیوں سے مزین کر کے پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

یومِ آزادی کے موقع پر دبئی میں ایک اور بڑی تقریب ’’ایمریٹس لِوز پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں 60 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس پروقار تقریب میں امارات کے وزیر برائے رواداری و باہمی ہم آہنگی، شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں شیخ نہیان بن مبارک نے کہا کہ پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریب میں شریک ہونا میرے لیے اعزاز ہے، اور میں اس دن کی اہمیت پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

تقریب میں پاکستانی ثقافت کی بھرپور عکاسی کی گئی۔ روایتی موسیقی، علاقائی رقص اور خوبصورت دستکاری کے نمونے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے، جس سے پاکستان کی ثقافتی ورثے کی جھلک نمایاں طور پر سامنے آئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.