مومنہ اقبال کی انوکھی خواہش ، علامہ اقبال کے ساتھ کھانے کی دلچسپ وجہ بتا دی
اداکارہ مومنہ اقبال نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں اپنی دلچسپ اور مزاحیہ گفتگو سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔ شو کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کئی دلچسپ انکشافات کیے، جن میں سب سے چونکا دینے والی بات یہ تھی کہ اگر انہیں کسی تاریخی شخصیت کے ساتھ ڈنر کرنے کا موقع ملے، تو وہ علامہ اقبال کا انتخاب کریں گی — کیونکہ ان کے بقول، "اقبال تو میرے نام میں بھی ہے!”
مومنہ نے دورانِ گفتگو ہنستے ہوئے بتایا کہ سیٹ پر کبھی کبھار وہ ایسا جملہ بول دیتی ہیں جس پر بعد میں شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا، "اکثر دل میں خیال آتا ہے کہ یہ بات اکیلے میں کہہ دیتی تو بہتر ہوتا، سب کے سامنے کیوں بولی؟”
انہوں نے انسٹاگرام پر ملنے والے مداحوں کے پیغامات کا بھی ذکر کیا، جن میں بعض نہایت عجیب اور مضحکہ خیز ہوتے ہیں۔ کسی نے انہیں “بیوی” کہہ کر مخاطب کیا تو کوئی روزمرہ کی خیریت اور کھانے پینے کے بارے میں پوچھتا ہے۔ مومنہ نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا، "ایسے لوگوں کے لیے جہنم میں الگ سیکشن ہونا چاہیے!”
اپنی پسندیدہ شخصیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صبا قمر کو بہترین اداکارہ قرار دیا، جب کہ ہمایوں سعید کو بھی اپنے فیورٹس میں شامل کیا۔ فواد خان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی طرز کے لباس میں زبردست لگتے ہیں، جب کہ خواتین اداکاراؤں میں صبا قمر ہر روپ میں خوب جچتی ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر جب ان سے ایک بار پھر پوچھا گیا کہ وہ کس تاریخی شخصیت کے ساتھ کھانے پر جانا چاہیں گی، تو انہوں نے ہنستے ہوئے دہرایا، "علامہ اقبال — کیونکہ آخر اقبال میرے نام میں بھی شامل ہے!”