پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) نے اپنے پارٹنر اسکولوں کے لیے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) جاری کر دیے ہیں تاکہ طلباء کو محفوظ، بااخلاق اور منظم تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
پیف کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق مڈل اور سیکنڈری سطح کے اسکولوں میں طالبات کے لیے خواتین اساتذہ اور طلباء کے لیے مرد اساتذہ کی تعیناتی لازمی ہوگی۔ اسکولوں میں فوری طور پر سیکیورٹی گارڈ تعینات کیے جائیں اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ طلباء کی سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
مراسلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اساتذہ، اسکول اسٹاف اور طلباء کے درمیان غیر ضروری روابط سے گریز کیا جائے۔ طلباء کو چھٹی کے بعد بلاوجہ اسکول میں روکے رکھنے سے منع کیا گیا ہے، جبکہ والدین کے انتظار کے لیے مناسب اور محفوظ جگہ مہیا کی جائے۔
پیف حکام نے خبردار کیا ہے کہ کسی اسکول میں غیر اخلاقی یا قابل اعتراض رویے کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ لائسنس ہولڈر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔