اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے زمین کے لین دین سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر سخت ریمارکس دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں بھی کرپشن کا حصہ بن چکی ہیں اور انہیں بخوبی علم ہے کہ کون سا جج کرپٹ ہے۔ جسٹس کیانی نے اسٹیٹ کونسل اور ضلعی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور چیف کمشنر عدالتی احکامات پر عمل نہیں کروا رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ نظام کی تمام خرابیوں سے واقف ہیں۔ جسٹس کیانی نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ سماعت تک عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو وہ ڈپٹی کمشنر اور چیف کمشنر کو عدالت میں طلب کر کے انہیں قانون سکھائیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔