sui northern 1

یوم شہداء پولیس کی تقریب، شرکاء کا شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین

0
Social Wallet protection 2

یومِ شہداء پولیس کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے الحمراء ہال میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت اعلیٰ افسران، شوبز شخصیات، پولیس شہداء کے اہلخانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

sui northern 2

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جسے لاہور پولیس کے آرکسٹرا نے پیش کیا۔ اس کے بعد پنجاب پولیس کے بینڈ نے شہداء کے اہلخانہ کو سلامی پیش کی، جس پر شرکاء نے تالیاں بجا کر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیے اس تقریب میں شرکت ایک اعزاز ہے۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہمیشہ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے ساڑھے دو سال قبل چیف سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا، تو آئی جی پنجاب نے انہیں پولیس شہداء کی ویلفیئر سے متعلق زیر التواء امور سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں سابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور موجودہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے تعاون سے تمام ویلفیئر اقدامات کو عملی جامہ پہنایا گیا۔

چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت پولیس شہداء کے اہلخانہ کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

تقریب میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی، جب کہ شوبز سے سہیل احمد عزیزی، افتخار ٹھاکر، سید نور، حمیرا ارشد سمیت متعدد معروف فنکار اور شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

تقریب کے دوران شہداء کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں یاد کیا گیا اور ان کی عظمت کو سلام پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.