وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور سیکریٹری جنرل امیر العظیم سے ملاقات کی، جس میں کوئٹہ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات پر اتفاق رائے ہو گیا۔

ملاقات میں طے پایا کہ لانگ مارچ کے شرکاء مظفرگڑھ سے ہوتے ہوئے ملتان اور پھر لاہور پہنچیں گے۔
طلال چوہدری نے یقین دہانی کروائی کہ مارچ کے شرکاء کو ملتان سے لاہور تک مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی "حق دو بلوچستان” تحریک کے منتظمین سے مذاکرات کرے گی، اور کوشش کی جائے گی کہ لانگ مارچ لاہور میں ہی اختتام پذیر ہو۔
لاہور پہنچنے کے بعد شرکاء کے اسلام آباد جانے سے متعلق مزید بات چیت کی جائے گی۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، اور حکومت کو بلوچ عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
لیاقت بلوچ نے بھی مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور لانگ مارچ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔
