
لاہور (آصف اقبال) — سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نہ صرف پارٹی بلکہ پورے پاکستان کو ایک متحد ملک کے طور پر برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ مقامی ہوٹل میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیراہتمام آصف زرداری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام فیصل میر نے کیا جبکہ نظامت سبط حسن نے کی۔ تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی اور پارٹی کے متعدد مرکزی و علاقائی رہنما، خواتین، نوجوان اور کارکنان شریک ہوئے۔
راجہ پرویز اشرف نے آصف زرداری کے دورِ صدارت میں کی گئی آئینی اصلاحات، پارلیمان کی بالادستی، اٹھارویں ترمیم، سی پیک، صوبائی خودمختاری اور صدارتی اختیارات کی پارلیمان کو منتقلی کو تاریخ ساز اقدامات قرار دیا۔ انہوں نے زرداری کو ایسا رہنما قرار دیا جو آمریت کے خلاف ڈٹا رہا اور جمہوریت کی شمع کو بجھنے نہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان کھپے” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ قومی وحدت کی علامت ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے زرداری کو ایک اعلیٰ ظرف، سیاسی فہم و فراست رکھنے والا رہنما قرار دیا اور کہا کہ اُنہوں نے ایران گیس پائپ لائن معاہدہ، چین کے ساتھ تعلقات، مشرف کا آئینی طریقے سے خاتمہ اور پاکستان کی جیو پولیٹیکل حیثیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ سید حسن مرتضی نے زرداری کو مفاہمت اور برداشت کی علامت قرار دیا، جبکہ میزبان فیصل میر نے ان کی مسلم دنیا میں ثالثی کی کوششوں، بھارتی مقابلے میں پاکستان کے دفاع، اور سیاسی بصیرت کو سراہا۔
تقریب میں 70 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا، ہزاروں غبارے فضا میں چھوڑے گئے اور رنگا رنگ لائٹ شو کے ساتھ "او زرداری” گانے پر پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوانوں نے پرفارمنس دی، جبکہ "زندہ ہے زرداری، زندہ ہے” کے نعروں سے ہال گونجتا رہا۔ فیصل میر نے اعلان کیا کہ آصف زرداری کی سالگرہ ہر سال اسی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔
