سندھ میں 21 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے: شرجیل میمن

0

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

ٹنڈوجام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے پکے مکانات بنانے کا آغاز کیا، جس کے لیے ورلڈ بینک سمیت دیگر عالمی اداروں سے بات چیت کی گئی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2022 کے سیلاب سے متاثرہ افراد کو مفت گھروں کی فراہمی یقینی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صحت کے شعبے میں جو خدمات انجام دی ہیں، ان کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی۔ این آئی سی وی ڈی میں تمام شہریوں کو مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سیلاب متاثرین کو مفت سولر سسٹمز اور پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کی فلاح کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے، اور 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا۔

شرجیل میمن نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ محض دعویٰ ثابت ہوا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غفلت کے باعث سندھ میں بجلی کا شدید بحران ہے، سیپکو اور حیسکو 12، 12 گھنٹے تک بجلی فراہم نہیں کر رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.