پاکستان سپورٹس بورڈ (PSB) نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں "پہلی پوزیشن” کے مبینہ گمراہ کن دعوے پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن (PNF) کو وضاحت نہ دینے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نوٹس میں 7 روز میں تحریری جواب جمع نہ کروانے پر یکطرفہ کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔

ترجمان پی ایس بی خرم شہزاد کے مطابق، 13 جولائی کو فیڈریشن سے تین دن میں وضاحت طلب کی گئی تھی، تاہم مقررہ وقت تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ پی ایس بی نے اب باضابطہ طور پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ملین روپے (10 لاکھ روپے) جرمانے کی تنبیہ کی ہے۔
شوکاز نوٹس کے مطابق، نیٹ بال فیڈریشن نے 9 جولائی کو پی ایس بی کو ارسال کردہ خط میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان یوتھ گرلز ٹیم نے جنوبی کوریا کے شہر جیونجو میں ہونے والی چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ تاہم سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان کی ٹیم چھٹے نمبر پر رہی۔ اس کے باوجود فیڈریشن نے انعامی پالیسی کے تحت نقد رقم کا مطالبہ کیا اور میڈیا پر چیئرمین مدثر رزاق آرائیں نے گولڈ میڈل جیتنے کا دعویٰ کر کے عوام اور حکام کو گمراہ کیا۔
پی ایس بی کے مطابق، یہ عمل آئین کے قاعدہ 21(1)(vi) اور پاکستان کوڈ آف ایتھکس اینڈ گورننس اِن اسپورٹس کے کلاز 5(1)(vi) کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو اداروں کو درست معلومات فراہم کرنے کا پابند بناتا ہے اور اختیارات کے غلط استعمال سے روکتا ہے۔
شوکاز نوٹس میں واضح کیا گیا کہ یہ غلط بیانی نہ صرف اخلاقی اصولوں کے منافی ہے بلکہ اعتماد کے رشتے کی بھی خلاف ورزی ہے۔ فیڈریشن سے کہا گیا ہے کہ وہ سات روز میں تحریری وضاحت جمع کروائے، بصورت دیگر بورڈ آئندہ قانونی اور مالی کارروائی کے لیے مجاز فورم کے سامنے معاملہ پیش کرے گا۔
