آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری، واٹس ایپ نے نیا فیچر تیار کرنا شروع کر دیا
پیغام رسانی کے لیے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے آئی او ایس (iOS) صارفین کے لیے ایک نئے اور دلچسپ فیچر پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق کمپنی ایک ایسے فیچر کی تیاری میں مصروف ہے جس کا نام "Search for draft messages” رکھا گیا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو اُن پیغامات تک فوری رسائی فراہم کرے گا جو ٹائپ تو کیے گئے لیکن بھیجے نہیں گئے۔
رپورٹ کے مطابق، اس فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ چیٹ لسٹ میں موجود ڈرافٹ پیغامات کو ایک مخصوص فلٹر کی مدد سے باآسانی تلاش کر سکیں گے۔ اس فلٹر کو منتخب کرتے ہی وہ تمام چیٹس نمایاں ہو جائیں گی جن میں پیغام لکھا گیا تھا مگر بھیجا نہیں گیا۔ اس طرح مکمل چیٹ لسٹ کو اسکرول کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جو صارفین کے لیے وقت کی بچت کا ذریعہ بنے گا۔
اس فیچر پر کام تیزی سے جاری ہے، تاہم فی الحال اس کی دستیابی کی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے 10 جون کو رپورٹ کیا گیا تھا کہ یہی فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کرائے جانے کی تیاری میں ہے، اور اب آئی فون صارفین بھی جلد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ فیچر ان صارفین کے لیے نہایت مفید ہوگا جو اکثر اہم پیغامات ٹائپ کرنے کے بعد انہیں بھیجنا بھول جاتے ہیں، کیونکہ اب انہیں ڈرافٹس کو تلاش کرنے کے لیے پوری چیٹ لسٹ کھنگالنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
