چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات، مون سون کی تیاریوں، اور ضلعی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، سی ڈی اے کے تمام ڈی جیز، چیف آفیسر ایم سی آئی، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز شریک ہوئے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات، قبضہ مافیا، سڑکوں کی خستہ حالی، پانی کی فراہمی، نالوں کی صفائی اور پارکوں کی حالت زار جیسے مسائل کی بروقت نشاندہی اور حل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ جامع پلاننگ کے ساتھ سڑکوں کی مرمت، پارکوں کی بحالی، صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے ایک دوسرے سے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی بھی تاکید کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کرپشن کے خلاف "زیرو ٹالرنس” کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی، ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر فیلڈ میں موجود رہیں گے تاکہ شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات، جلوسوں کے روٹس پر لائٹس کی بحالی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ مون سون سیزن کے حوالے سے نالوں کی بروقت صفائی اور پانی کے ٹھہراؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔
