پشاور میں جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر ٹیوشن جانے والا بچہ جاں بحق
پشاور (نیوز ڈیسک) بڈھ بیر میں جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر ننھا بچہ جاں بحق ہوگیا۔ بڈھ بیر میں جھگڑے کے دوران اسلحے کے آزادنہ استعمال اور فائرنگ کی زد میں آکر ٹیوشن سے گھر جانے والا کمسن بچہ جاں بحق ہوگیا۔
سکول یونیفارم میں طالب علم کی لاش آبائی علاقہ مردان پہنچا دی گئی ۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کی حدود بازید خیل میں سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی کی بنا پر ملزم کامران ساجد پسران سفیر اور ملزم عاطف کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جس میں سکول کا طالب علم اسحاق گولی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل ظفر خان مقامی پولیس کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مورٹم کیلئے منتقل کردیا۔ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
