لیونیل میسی نے سعودی کلب کی پیشکش قبول کرلی
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونیل میسی نے آئندہ سیزن سے سعودی پروفیشنل لیگ میں کھیلنے کے لیے پیشکش قبول کرلی ہے۔
(نیوز ڈیسک)غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونیل میسی نے سعودی لیگ میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کردی ہے، تاہم وہ اب تک اس بات کا فیصلہ نہیں کر سکے کہ وہ کس کلب کی نمائندگی کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے تیز رفتاری سے پیشرفت ہو رہی ہے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہیں۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب سعودی اور عالمی شائقین سٹار فٹبالر لیونیل میسی کے مستقبل کے بارے میں بے چینی سے منتظر ہیں۔
خاص طور پر ان کی انٹر میامی کے ساتھ حالیہ تجربے کے بعد جبکہ کئی بڑے سعودی کلبز انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کے ساتھ معاہدے میں 2027 تک توسیع کردی۔
سعودی پرو لیگ نے تصدیق کی ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے النصر سے 2027 تک کھیلیں گے، رونالڈو نے 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے گزشتہ سیزن میں 25 گول کے ساتھ سعودی پرو لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکورر کے طور پر سیزن کا اختتام کیا تھا۔
رونالڈو نے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’ایک نیا باب شروع ہوتا ہے، وہی جذبہ، وہی خواب، آئیے مل کر تاریخ بنائیں۔‘
رونالڈو نے 2022 میں ڈھائی سال کے معاہدے پر النصر میں شمولیت اختیار کی تھی اور دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ایتھلیٹ بن گئے تھے۔ فوربس کے مطابق، وہ پچھلے تین سالوں سے اس فہرست میں سرفہرست ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں پرتگال کو اس ماہ دوسرے یوئیفا نیشنز لیگ ٹائٹل کی قیادت کی ہے جب انہوں نے فائنل میں اسپین کو شکست دی تھی۔
