گوگل ارتھ کے 20 سال مکمل: دو نئے فیچرز متعارف، اے آئی ٹولز کا اضافہ

0

گوگل ارتھ، جو سیٹلائٹ تصاویر اور 3D نقشوں کے ذریعے دنیا کو دیکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، نے اپنی 20ویں سالگرہ منائی اور اس موقع پر گوگل نے عام صارفین اور پروفیشنلز کے لیے دو نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔

گوگل ارتھ کو جون 2005 میں لانچ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ سروس دنیا بھر کے صارفین کو جغرافیائی معلومات فراہم کر رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق صرف 2024 میں گوگل ارتھ پر مختلف مقامات کو 2 ارب سے زائد بار سرچ کیا گیا۔

گوگل کے بلاگ کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں میں اس سروس کو تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا جس نے شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی تحفظ اور تعلیمی منصوبوں میں اہم کردار ادا کیا۔

نئے فیچرز کی تفصیلات

پہلا فیچر تاریخی اسٹریٹ ویو امیجز کا گوگل ارتھ میں انضمام ہے اور اس فیچر کے ذریعے صارفین یہ دیکھ سکیں گے کہ شہری علاقوں، محلات یا دیگر مقامات وقت کے ساتھ کیسے تبدیل ہوئے۔

مثال کے طور پر صارفین کسی شہر کی گلیوں یا عمارات کو ان کے ماضی کے منظر کے ساتھ موازنہ کر سکتے ہیں اور یہ فیچر پہلے گوگل میپس میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے گوگل ارتھ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسرا فیچر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹولز کا اضافہ ہے جو خاص طور پر پروفیشنلز جیسے شہری منصوبہ سازوں، محققین اور مقامی حکومتی اداروں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

یہ ٹولز فی الحال امریکا میں متعارف کرائے جا رہے ہیں اور ان کے ذریعے صارفین زمین کی سطح کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کر سکیں گے۔

گوگل ارتھ کے اہم سنگ میل

گوگل نے اپنی 20 سالہ تاریخ کے چند اہم لمحات بھی شیئر کیے۔

2005 میں لانچ ہونے کے بعد گوگل ارتھ نے پہلے ہفتے میں 10 کروڑ ڈاؤن لوڈز حاصل کیے۔

2006 میں اسٹریٹ ویو فیچر متعارف کرایا گیا جبکہ 3D عمارات کو بعد میں شامل کیا گیا۔

2017 میں گوگل ارتھ ٹائم لیپس کو اپ ڈیٹ کیا گیا جس میں 35 سالوں کی کروڑوں سیٹلائٹ تصاویر شامل کی گئیں جو زمین کی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔

گوگل کے مطابق یہ نئے فیچرز گوگل ارتھ کو مزید موثر اور قابل رسائی بنائیں گے جو صارفین کو دنیا کو بہتر طور پر سمجھنے اور اس کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.