ورلڈکپ فائنل: کینگروز کی شاندار بولنگ، بھارت کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دے دیا۔

ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، اسٹیڈیم میں بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم اب تک ناقابلِ شکست ہے، بھارتی ٹیم نے پہلے مرحلے میں تمام 9 ٹیموں کو اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا جب کہ آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے آٹھ میچ جیتے۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ فائنل: آسٹریلیا کیخلاف بھارت کے 11 اوورز مکمل، 82 پر تین کھلاڑی آؤٹ
انعامی رقم
موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔
فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔
