اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار کی سستی کا باعث کچھ کیبلز میں نقائص ہیں جنہیں جلد ہی دور کر لیا جائے گا، فائر وال کے حوالے سے اس وقت صرف قیاس آرائیاں ہیں۔
پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رائے حسن نواز کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فائبر آپٹکس کو تیزی سے بچھانے کا کام جاری ہے، جنوبی ایشیا کے خطہ میں ہم انٹرنیٹ کے حوالے سے بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رفتار اس لئے سست ہے کہ کچھ مین کیبلز میں نقص ہے جس کو ٹھیک کیا جا رہا ہے، آئندہ کچھ دنوں میں صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فائر وال کے حوالے سے اس وقت قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، اس حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری موقف نہیں ہے۔
سید امین الحق کے ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ وزارت آئی ٹی یہ چاہتی ہے کہ ان کے بنائے ہوئے قوانین اور ضوابط میں خلل نہ آئے۔ شہزادہ گستاسپ کے سوال کے جواب میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مقابلے میں انٹرنیٹ پر ٹیکسز کم ہیں، پاکستان میں یہ شرح 34 فیصد بنتی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیلولر فون کمپنیاں قبائلی اضلاع میں موبائل فون سروس بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہیں، 170 کے قریب نئے ٹاور لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موبائل صارفین کو بلا تعطل سروس فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے، اس حوالے سے متعلقہ ادارے کو ارکان کے تحفظات سے آگاہ کر دیا جائے گا۔