غیرتسلی بخش نتائج،گلگت کے اساتذہ کیخلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ
گلگت (نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ایجوکیشن ریفارمز سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے نہم اور دہم کے طالب علموں کا فیڈرل بورڈ میں غیر تسلی بخش نتائج پر نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
طالب علموں کے مستقبل کو خراب ہونے نہیں دیں گے۔ محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں دیگر شعبوں سے زیادہ وسائل تعلیم کے شعبے کیلئے مختص کئے جاتے ہیں۔ صوبائی سیکریٹری تعلیم بنیادی نظام تعلیم کی بہتری کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ذریعے اساتذہ کی ٹریننگ کیلئے معاہدے کو جلد حتمی شکل دیں۔
مزیدپرھیں:عوام کو شعبہ صحت میں ریلیف دینا ہماری بنیادی زمہ داری ہے،وزیراعلیٰ گلگت
وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ کسی قسم کے دباؤ کے بغیر اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی اور نااہلی برتنے والے اساتذہ کیخلاف محکمانہ کارروائی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ کابینہ اجلاس کیلئے گلگت بلتستان بورڈ کے قیام کے حوالے سے سفارشات تیار کریں۔ وزیر اعلیٰ نے پبلک سکول اینڈ کالجز کے اساتذہ کی تنخواہوں اور پنشن کے حوالے سے تجاویز کو جلد حتمی شکل دے کر کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کے احکامات دیئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکای سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت ایک ہزار ایجوکیشن فیلوز کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا تھا، سیکریٹری تعلیم ان ایجوکیشن فیلوز کی بھرتیوں کے عمل کو تیز کریں۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی میں فنڈ کے قیام کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کو لکھے گئے خصوصی مراسلے پر وزیر اعظم نے سفارشات طلب کئے ہیں لہٰذا سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن متعلقہ یونیورسٹیز کی مشاورت سے جلد سفارشات تیار کرکے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ آئندہ ایجوکیشن ریفارمز سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا، سیکریٹری سکول اینڈ کالجز، سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی کے نمائندوں سمیت دیگر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔