پی ٹی آئی کا اداروں کے ساتھ کوئی تصادم اور ٹکراؤ نہیں ہے،اسد بلوچ
ساہیوال(نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی پر پابندی لگا نے کے لئے جو حالات پیدا کئے جا رہے ہیں وہ کسی بھی طور پر ملک و قوم اور جمہوریت کے مفاد میں نہ ہیں پی ٹی آئی کی قیادت واضح طور پر 9مئی کے واقعات کی مذمت اور اس میں ملوث اصل ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کا مطالبہ کر چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار اسد خان بلوچ نے اخبار نویسیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اداروں کے ساتھ کوئی تصادم اور ٹکراؤ نہ ہے ہم آئین و قانون کی بالا دستی اداروں کی خود مختاری اور ملک کی حقیقی آزادی و قومی سلامتی کے لئے پارلیمان کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔بعض نادیدہ قوتیں پی ٹی آئی اور اداروں کے مابین غلط فہمیاں پیدا کر کے آپس میں لڑا نے کی کوشش کر رہی ہیں جو انشاء اللہ ناکام ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں اور پی ٹی آئی کو دیوار کے ساتھ لگانے کی سازش ہے مگر ان اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کو ختم نہیں کیا جا سکتا بانی پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے۔بانی پی ٹی آئی ایک عرصہ سے پابند سلاسل ہیں اور ان پر جعلی کیسز قائم کر کے سیاست سے باہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ہم کسی صورت بر داشت نہیں کریں گے۔