برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کا بہتر امیج اجاگر کرنے پر مزید محنت کی ضرورت ہے،بیرسٹرامجد ملک
راچڈیل(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر اور سابق چیئرمین او پی ایف بیرسٹر امجد ملک نے کہاہے کہ برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کا بہتر امیج اجاگر کرنے پر مزید محنت کی ضرورت ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمان میں لانا مسلم لیگ (ن )کا وعدہ ہے اور اس پر عمل درآمد ہوگا،اگر پاکستان کے امیج کو بدلنا ہے تو فیک نیوز کلچر کو من حیث القوم ختم کرنا ہوگا ، نقل کی بجائے اصل کی طرف لوٹنا ہوگا۔
مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر اور سابق چیئرمین او پی ایف بیرسٹر امجد ملک نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت غیرمشروط ہونی چاہیے اور ریاست کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے خود بھی بچیں اور لوگوں کو بھی ہوشیار کریں۔پاکستان سے محبت ہماری مشترکہ اساس ہے.
انہوں نے کہاکہ انشاللہ منشور کے مطابق تارکین وطن کی دادرسی اور نمائندگی کیلئے پاکستان میں قانون سازی اور فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمان میں لانا مسلم لیگ ن کا وعدہ ہے اور اس پر عمل درآمد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ہم پراپیگنڈا پر یقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ سولہ رکنی اقدامات کا پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے،ان میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہائوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھیجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔
امجد ملک نے کہاکہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراء اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئے جائیں گے۔