عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)،وزیر اطلاعات آزادکشمیرپیر محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد قانونی پراسیس سے گزار کر تمام اسیران کو رہا کر دیا گیا ہے حکومت پہلے دن سے مذاکرات پر یقین رکھتی تھی ،ہم نے کئی بار عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کو مذاکرات کی دعوت دی ۔
وزیر اطلاعات آزادکشمیرنے کہاکہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ہوتا ہے ،حکومت نے وسیع القلبی کا مظاہرہ کیا اور معاملہ حل کیا۔
انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی کامیابی خوش آئند ہے،وزیراعظم اپنے لوگوں کے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔آئے روز کی ہڑتالیں اور راستے بند کرنا کسی طور بھی صیحیح نہیں ہے ۔یہ سیاحت کا سیزن ہے سیاحوں کو پریشانی سے بچایا جائے ۔
پیر محمد مظہر سعید نے کہاکہ یورپی ممالک سیاحت سے بڑا ریونیو حاصل کرتے ہیں ۔آزادکشمیر بھی قدرتی حسن سے مالا مال ہے ،سیاحت کے سیزن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے،امید ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی اب قانون کا احترام کرے گی ،ہم سب کو آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھنا ہے ۔