لاہور(نیوزڈیسک)وزیر خوراک بلال یاسین کی صدارت میں بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کیلئے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب، ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈی جی انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر لاہور شریک ہوئے۔
اہم اجلاس میں بیکری ایسوسی ایشن اور 21 مشہور برینڈز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔
اس موقع پر ایک بیان میں وزیرخوراک پنجاب نے کہاکہ ڈبل روٹی، رس اور بن کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے کیونکہ دوماہ میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں 30 سے 48 فیصد تک کمی ہوئی
انہوں نے کہاکہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کروائی، بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی ہر صورت کم ہوں گی۔برینڈز نے قیمتوں میں کمی کیلئے سوموار تک مشاورت کا وقت مانگا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسٹیک ہولڈرز کو سوموار 27 مئی تک قیمتوں میں رضاکارانہ کمی کا وقت دیا گیا ہے۔بیکری مصنوعات اور بسکٹ برینڈز کی قیمتوں میں رضاکارانہ طور پر کمی کریں،سوموار کو انتظامیہ کیساتھ بیٹھ کر بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کا تعین ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں انتظامیہ کم قیمتوں پر بیکری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام تک سستی اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
