
لاہور :پاکستان نے دنیا کے سب سے بڑے انسانی پرچم کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ تاریخ ساز ریکارڈ لاہور کے دل، اے پی ایس لاہور میں قائم کیا گیا، جہاں لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے 10,248 طلبہ نے ایک عظیم انسانی جھنڈا تشکیل دیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے پاس تھا، جہاں رواں سال 7,368 طلبہ نے انسانی پرچم بنایا تھا اور گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ تاہم، پاکستانی طلبہ نے ایک بڑے مارجن سے بھارت کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 10,248 طلبہ کی مدد سے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے 7 نومبر کو باضابطہ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا جس میں پاکستان کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اس منفرد ریکارڈ کو قائم کرنے کے بعد طلبہ نے خوشی کے مارے جشن منایا اور ملی نغموں کی دھنوں پر جھومتے رہے، جب کہ قومی پرچم کا دلکش فضائی منظر دیکھ کر قوم کے دلوں میں ایک نئی روشنی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ کامیابی پاکستان کی تعلیمی اداروں اور نوجوانوں کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے، اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام مزید روشن کر رہی ہے۔