پاکستان

ایک پیج پرآکر معیار تعلیم بلند کرسکتے ہیں،سیدہ ضیا ء بتول

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سکولز مالکان ،اساتذہ ، والدین اور ریگولیٹرز ایک پیج پرآکر معیار تعلیم بلند کرسکتے ہیں ۔ نجی تعلیمی اداروں کی مشکلات ومسائل انکے نمائندوں سے مشاورت کرکے حل کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول نے نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات میں کیا انہوں نے کہا کہ تنظیموں کے سربراہان ممبر اداروں کی فلاح و بہبود کے لئے جائز تجاویز دیں ریگولیٹری اتھارٹی ان کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی۔

ملاقات میں فوری حل طلب جن ایشوز پر وفد نے توجہ دلائی ان میں سائبر سکیورٹی ٹریننگ پر کم آمدنی والے نجی تعلیمی اداروں سے تربیتی پروگرام کی فیس پر تحفظات کا اظہار کیاگیا۔ جماعت پنجم اور ہشتم کے سنٹرلائیزڈ امتحانات کوپیرا کی سطح پر منعقد کرنے کا کہا گیا۔ اربن سیکٹرز میں سی ڈی اے کی جانب سے ٹریڈ لائسنسنگ کے نام سے بھاری فیسیں وصول کرنےکا ذکر کیاگیا۔ موسم گرما کی تعطیلات اور سمر کیمپ پر بھی مشاورت ہوئی۔

چئیرپرسن ریگولیٹری اتھارٹی سےملاقات میں پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اسلام آباد کے بانی و مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر ، مرکزی صدر پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راجہ ارشد محمود ،صدرپرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن اسلام آباد زعفران الٰہی ، صدر پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی حافظ محمد بشارت ، صدر نافع افتخار علی حیدر اور چیئرمین اسلام آباد بورڈ آف ایجوکیشن چوہدری محمد ارشد موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button