تازہ ترین

سیاست کیلئے خواتین کااستعمال زیب نہیں دیتا،شائستہ پرویز

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خواتین نے عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کے ذریعے تذلیل کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باتیں ریاست مدینہ کی کرتے ہیں پھر عورت کی تذ لیل کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، سیاسی ہتھکنڈوں کے طور پر خواتین کو استعمال کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔

اسلام آباد خواتین لیگی رہنماؤں نے عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کے معاملے پر ایک پریس کانفرنس کی۔

اس کانفرنس میں شائستہ پرویز نے کہا کہ عزتیں سانجھی ہوتی ہیں، مائیں بیٹیاں اور بہنیں قابل احترام ہوتی ہیں، عورت کی تذلیل کی نہ معاشرہ اجازت دیتا ہے نہ ہی اسلام۔

اُنہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری اکیلی نہیں ہیں پاکستان کی تمام خواتین ان کے ساتھ ہیں، سیاست کو سیاست کی طرح کیا جائے  اور مقابلہ سیاسی میدان میں کریں۔

شائستہ پرویز نے کہا کہ باتیں ریاست مدینہ کی کرتے ہیں عورت کی تذ لیل کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، کہیں تو ریڈ لائن ہونی چاہیے، نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمشہ کسی کے بھی خاندان پر بات کرنے سے منع کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی ہتھکنڈوں کے طور پر خواتین کو استعمال کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا.

شائستہ پرویز نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری پارٹی قیادت نے ہمیشہ کارکنوں کو گالم گلوچ سے منع کیا۔

وزیرِ مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے کانفرنس نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرکے اُنہیں عبرت کا نشان بنائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری حکومت کا مؤقف بیان کرتی ہیں، ان کی جعلی ویڈیو کے ذریعے تذلیل کی گئی۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ عظمیٰ بخاری ایک نڈر سیاستدان ہیں، جعلی وڈیو کے ہر کردار کو بے نقاب کیا جائے گا ، پروپیگنڈے کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ اسلام کو استعمال کرتے ہیں، ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں، ہمیں سوچنا پڑے گا کہ کیا ہمیں ایسی لیڈرشپ چاہیے؟

شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ آج نہ کسی کو بڑے کی تمیز رہی ہے اور نہ چھوٹے کی۔

لیگی رہنما نوشین افتخار نے کہا کہ ہم مردوں سے مقابلہ صرف کام کی حد تک کرنا چاہتے ہیں،خاتون کو ٹارگٹ دیوار کے ساتھ لگانے کے لیے کیا جاتا ہے اس لیے جب بھی خواتین کے خلاف کوئی ٹرولنگ ہو تو سب کو ساتھ دینا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ ن لیگ میں بہنوں اور بیٹیوں کو عزت دی جاتی ہے۔

لیگی رہنما رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے والے عبرت کا نشان بنیں گے، پاکستان کے قوانین عورت کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی ویمن کارڈ پلے نہیں کرتے، یہاں پر بیٹھی ایک ایک عورت ہزاروں کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button