Gas Leakage Web ad 1

تعلیمی اداروں میں ہاکی کے فروغ کیلیے جامع پلان تیار، پی ایچ ایف صدر کا اہم اعلان

0

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں ہاکی کے کھیل کو دوبارہ زندہ کرنے اور اسے فروغ دینے کے لیے ایک جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو قومی کھیل کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدے داروں سے ایک ملاقات کے دوران کیا، جس میں ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر الحق، سیکرٹری طاہر شیرازی اور دیگر نمائندگان بھی شریک تھے۔ محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ویژن کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ ہاکی کے شعبے میں ماضی کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جا سکے۔

Gas Leakage Web ad 2

صدر پی ایچ ایف نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کے لیے خصوصی طور پر بوائز اینڈ گرلز پروگرام ترتیب دیے جائیں گے، جن میں کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی راولپنڈی سمیت دیگر بڑے شہروں میں تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن سپانسر شپ کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح کے ایونٹس منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع مل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بہتری کے لیے کام کرنے والے ہر فرد کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ مخلصانہ کوششوں کی مکمل حمایت کریں گے۔

ملاقات کے دوران راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر الحق نے بتایا کہ سابق صدر پرویز اسلم کیانی مرحوم کی یاد میں شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم میں ایک خصوصی ایونٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی، سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر مقامی عہدے داروں نے ہاکی کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ فیڈریشن کی جانب سے اس نئی حکمت عملی کو ملک میں ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.