ایکشن سے بھرپور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کا میلہ کراچی میں سج گیا
ایکشن سے بھرپور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کا میلہ کراچی میں سج گیا ہے جہاں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں 8 اپریل سے 28 اپریل تک مجموعی طور پر 22 میچز کھیلے جائیں گے۔
بدھ کے روز حیدر آباد کنگز مین اور پشاور زلمی کراچی میں اس سیزن کا پہلا میچ کھیلیں گے۔
جمعرات کو ٹورنامنٹ کا چوتھا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا، پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ ہوگا جبکہ شام کے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔
اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن کے بعد ملتان سلطانز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز بالترتیب پہلی چار پوزیشنز پر موجود ہیں۔
دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین اور راولپنڈیز کو اب تک اپنی پہلی جیت کا انتظار ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم 2018 سے 2025 تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 75 میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس میدان میں اسلام آباد یونائیٹڈ 17 فتوحات کے ساتھ سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے۔
کراچی کنگز نے یہاں 14 میچز جیتے ہیں جبکہ پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے اس وینیو پر 11، 11 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ لاہور قلندرز کے نام 10 فتوحات ہیں۔