پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، جہاں لیگ کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہو گئی۔
نیلامی کے پہلے مرحلے میں ایف کے ایس گروپ نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر حیدرآباد کی ٹیم خرید لی، جبکہ دوسرے مرحلے میں او زیڈ گروپ ڈویلپرز نے ایک ارب 85 کروڑ روپے میں سیالکوٹ کی ٹیم اپنے نام کر لی۔
پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی ایک ارب 10 کروڑ روپے کی بنیادی قیمت سے شروع ہوئی، تاہم سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث بولیاں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں۔ دونوں فرنچائزز کو 10 سال کے لیے حقوق دیے گئے ہیں اور یہ ٹیمیں پی ایس ایل 11 سے لیگ کا حصہ ہوں گی۔
تقریب کے آغاز میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کو 9 کروڑ روپے انعام دیا، جبکہ ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے کی انعامی رقم سے نوازا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل صرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پاکستانی عوام کے جذبات سے جڑی ایک پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی فرنچائزز کی شمولیت پی سی بی، پاکستان اور پی ایس ایل پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
محسن نقوی نے ایف کے ایس کے فواد سرور اور او زیڈ گروپ کے حمزہ مجید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت سے لیگ مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف پی سی بی کی نہیں بلکہ پوری قوم اور کرکٹ سے محبت کرنے والوں کی جیت ہے۔