آئرلینڈ کے معروف آل راؤنڈر کرٹس کیمفر نے انٹرپرووینشل ٹی20 ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ گیندوں پر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پروفیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ کارنامہ انہوں نے منسٹر ریڈز کی نمائندگی کرتے ہوئے نارتھ ویسٹ ویریئرز کے خلاف انجام دیا، جہاں کیمفر نے صرف 2.3 اوورز میں 16 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ مکمل طور پر اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دیا۔
کیمفر نے بارہویں اوور کی آخری دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کر کے ہیٹ ٹرک کی بنیاد رکھی، جسے انہوں نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر مکمل کیا۔ اس کے بعد وہ رکے نہیں اور مسلسل پانچ گیندوں پر پانچ بلے بازوں کو میدان سے باہر بھیج دیا، جس سے مخالف ٹیم کی اننگ محض 88 رنز پر سمٹ گئی، حالانکہ وہ ایک موقع پر 87 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اچھی پوزیشن میں تھی۔
کیمفر کی اس تاریخی کارکردگی کی بدولت 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی ویریئرز کی ٹیم مکمل طور پر لڑکھڑا گئی اور ایک رن کے اضافے پر پانچ وکٹیں گنوا کر میچ ہار گئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیمفر کا کہنا تھا:
"اوور کے درمیان تبدیلی کی وجہ سے میں تھوڑا الجھ گیا تھا، لیکن میں نے خود کو بولنگ پر مرکوز رکھا، خوش قسمت رہا کہ سب کچھ میرے حق میں گیا۔”
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ایک اور بیٹر آتا تو کیا وہ چھ گیندوں پر چھ وکٹیں لے سکتے تھے؟ تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا:
"میرا نہیں خیال، لیکن میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور خوشی ہے کہ میں ٹیم کے لیے کچھ خاص کر سکا۔”