سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں شوبز کے دو بڑے ناموں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے فون نمبر اپنے موبائل سے ڈیلیٹ کر دیے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بشریٰ انصاری نے بتایا کہ میں نے مختلف مواقع پر دونوں فنکاروں کو پیغامات بھیجے تاہم مصروفیات کی وجہ سے مجھے بروقت جواب نہیں ملا۔
اداکارہ نے کہا اس صورتحال میں، میں یہ سمجھی کہ شاید وہ دونوں بہت زیادہ مصروف ہیں اور رابطہ نہیں رکھنا چاہتے، اس تاثر کے بعد میں نے خود ہی دونوں کے نمبر حذف کردیے تاکہ بار بار میسج کرنے یا کسی غلط فہمی میں مبتلا ہونے سے بچ سکوں لیکن کچھ عرصے بعد ایک حیران کن صورتحال سامنے آئی۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ ایک دن مجھے ایک پیارا سا پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا آپا، آئی لو یو، آئی مس یو، چونکہ نمبر محفوظ نہیں تھا، اس لیے صرف ابتدائی حروف ایم کے نظر آرہے تھے، جس پر میں نے غلطی سے سمجھا کہ شاید یہ اداکارہ مِشی خان ہیں، اصل میں یہ پیغام ماہرہ خان کی طرف سے تھا، جو یہ جان کر حیران رہ گئیں کہ میں نے ان کا نمبر ہی ڈیلیٹ کردیا ہے۔
اسی طرح ایک اور موقع پر فہد مصطفیٰ نے بھی رابطہ کیا مگر نمبر محفوظ نہ ہونے کی وجہ سے پہچان میں غلطی ہوگئی جس پر وہ بھی حیران رہ گئے۔
بشریٰ انصاری نے وضاحت کی کہ میرا کسی سے ناراضی کا کوئی ارادہ نہیں تھا بلکہ میں دونوں کو بے حد عزت دیتی ہوں، ماہرہ خان انتہائی باادب، عاجز اور خوش اخلاق شخصیت ہیں جب کہ دونوں فنکار پاکستانی انڈسٹری کے مصروف ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔